ہاسن،19 ؍دسمبر(ایس او نیوز) ضلع میں زچہ بچہ کی اموات کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اس پر قابو پانے کے لئے ڈسٹرکٹ اسپتال اور محکمہ صحت وخاندانی بہبود کو خصوصی توجہ دینی ہوگی، یہ ہدایت ضلع کی ڈپٹی کمشنر روہنی سندروی نے افسروں کو دی، انہوں نے یہاں ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ ابھیان کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ہاسن ضلع میڈیکل کے شعبے میں سرفہرست ہے، میڈیکل کالج(ہمس) ہاسن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس بھی یہاں موجود رہے، مگر زچہ بچہ کی اموات کی تعداد میں کمی ممکن نہیں ہوپارہی ہے، اس بارے میں محکمہ صحت وخاندانی بہبوداور ہمیس کے میڈیکل آفیسرس کو غور کرنا ہوگا، اور ضروری اقدامات کرنے ہوں گے، اس سلسلے میں ہمس اور محکمہ صحت وخاندانی بہبود کے درمیان تال میل کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع میں24x7 خدمات انجام دے رہے اسپتالوں میں بعض مقامات پر رات کے وقت ڈیلوری کے لئے آنے والی حاملہ خواتین کا آپریشن نہیں کیا جارہا ہے، ایسے اسپتالوں میں خدمت انجام دے رہے عملہ کو دوسرے مقام کے لئے تبادلہ کیا جائے اور ان سے کام لیا جائے، انہوں نے کہا کہ ملناڈ علاقے میں عملہ کی قلت پر قابو پانے کے لئے تربیت یافتہ سینئر نرسوں کی نشاندہی کرکے ڈسٹرکٹ اسپتال میں مزید قریب دے کر انہیں ضرورت کے مطابق زچگی کے وقت خدمت انجام دینے کے لئے تیار رکھا جائے، انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں سیزرین کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں، اس جانب خصوصی توجہ دینی ہوگی،سبھی پرائیویٹ نرسنگ ہومس کو اس بارے میں نوٹس جاری کیا جائے، اس دوران ڈپٹی کمشنر روہنی سندوری نے ڈسٹرکٹ اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی تعداد میں اضافہ سے متعلق وجوہات بیان کرنے کی ہدایت ڈسٹرکٹ سرجن اور ہمس کے ڈائرکٹر کو دی۔ضلع میں ہورہی نوزائیدہ بچوں کی اموات کی تعداد میں اضافہ کا سبب بیان کرتے ہوئے ہمس ڈائرکٹر ڈاکٹر روی کمار، ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر شنکر اور محکمہ صحت وخاندانی بہبود کے ضلعی آفیسر ڈاکٹر وینکٹیش نے کہا کہ ضلع میں بہترین طبی سہولت فراہم کی جارہی ہے، تعلقہ سطح پر بھی اموات کی تعداد بہت کم ہے، ہمس کے قیام کے بعد دیگر اضلاع سے سنجیدہ کیس آخری لمحات میں یہاں آتے ہیں،ایسے معاملات میں اموات کی تعداد زیادہ ہورہی ہے۔ڈسٹرکٹ آر سی ایچ آفیسر ڈاکٹر جناردھن نے کہا کہ ضلع میں موجود حاملہ خواتین اور زچہ ؤں اور بچوں کی صحت کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی معقول طبی انتظامات فراہم ہی،ں اس اجلاس میں ایچ آئی وی اور ملیریا کے بارے میں بھی بحث کی گئی۔